اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے عالمی سطح پر ڈپلومیسی جاری رکھتے ہوئے ملایشیا کے وزیر خارجہ سے ٹیلیفون پر گفتگو کی ہے۔ ایران کے وزیر خارجہ غزہ پر صیہونی حکومت کے حملوں کے خاتمے کے لئے عالمی رہنماؤں سے گفتگو کررہے ہيں۔ محمد جواد ظریف نے عنیفہ امان سے ٹیلیفون پر گفتگو میں غزہ میں صیہونی حکومت کے ہاتھوں وسیع پیمانے پر بچوں اور خواتین کےقتل عام کی طرف اشارہ کیا، انہوں نے کہا کہ غزہ پر صیہونی حکومت کے حملے رکوانے اور اس علاقے کے محصور اور نہتے عوام کو امداد پہنچانے کے لئے ضروری ہے کہ صیہونی حکومت پر دباؤ ڈالا جائے۔ ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ غزہ کے بے دفاع عوام کو مدد پہنچانے کے لئے عالمی برادری بالخصوص اسلامی ملکوں کا حرکت میں آنا ضروری ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ اسلامی ممالک مل کر بھرپور طرح سے غزہ کی مدد کریں۔ واضح رہے غزہ پر صیہونی حکومت کی تازہ جارحیت میں جسے آج تئيس دن ہوچکے ہیں ایک ہزار دوسو پچاسی سے زائد افراد شہید اور سات ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲